گیبون کے فوجیوں نے اقتدار پر قبضہ کرکے انتخاب جیت کر صدر بننے والے علی بونگو اونڈیمبا کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد گیبون میں سڑکوں پر نکل آئی اور اقتدار پر قبضہ کرنے اور سرحدوں کو بند کرنے والی فوج کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر قومی ترانے بجائے گئے۔ گبونی فوج کے متعدد سینئر افسران نے اقتدار پر قبضہ کرنے اور ملک کی سرحدوں کو اگلے نوٹس تک بند رکھنے کا اعلان کیا جبکہ دارالحکومت لیبرویل میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
یاد رہے کہ صدر علی بونگو کا خاندان گیبون پر 56 سال سے حکومت کر رہا ہے اور ہفتے کے روز نئے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے مطابق ایک بار پھر وہ برسراقتدار آگئے تھے۔ گیبون میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے علی بونگو کے خاندان کے طویل اقتدار کو توڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے جس سے ملک میں سیاسی بحران اور کشیدگی میں اضافہ ہوا۔