اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے کہا کہ شامی حکومت تمام ممکنہ سرحدی گزرگاہوں اور شام کے اندر سے ملک کے شمال مغرب میں امداد کے داخلے کی حمایت کرتی ہے تاکہ شامی شہریوں تک انسانی امداد پہنچ جائے۔شام اور ترکیہ میں زلزلے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد سفیر صباغ نے بتایا کہ شامی حکومت نے بارہا انسانی امداد پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شمال مغربی شام شام کی سرزمین کا ایک اٹوٹ انگ ہے اور وہاں کے لوگ شامی عوام کا حصہ ہیں اور شامی حکومت دہشت گرد گروہوں کی طرف سے کھینچی گئی لکیروں کی بنیاد پر ان کی تقسیم کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر بشار الاسد اور اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل برائے انسانی امور کے درمیان دمشق میں ہونے والی ملاقات مثبت اور تعمیری ثابت ہوئی۔ صدر الاسد نے شام کے تمام علاقوں میں امداد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔