چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے چین میں متعین سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون اور معاہدوں کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران تعلقات کی بحالی کے لیے معاہدے کے مواد کو فعال کرنے اور سفیروں کے تبادلے کے طریقہ کار پر بھی بات کی گئی۔سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کو شاندار قرار دیا۔
یاد رہے سعودی عرب اور ایران نے چینی سرپرستی میں اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا ۔ دونوں ممالک اور چین نے 10 مارچ کو ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا تھا کہ معاہدے پر 60 دن کے اندر عمل درآمد کر دیا جائے گا۔ سہ فریقی بیان میں ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تمام مشترکہ معاہدوں کو فعال کرنے کی بھی توثیق کی جن میں سکیورٹی تعاون کے معاہدے، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے شعبے میں تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔